'میں سلطنت کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار ہوں'— دی ڈونکی کنگ کا ٹریلر ریلیز

فلم کے ٹیزر کے ساتھ ساتھ ٹریلر نے بھی مداحوں کو خوب متاثر کیا ہے—۔اسکرین گریب

اینیمیٹڈ فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ کے گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والے ٹیزر میں منگو دھوبی کے خواب میں بادشاہ بن جانے کی کہانی نے تو مداحوں کو خوب متاثر کیا ہی تھا اور اب اس کا ٹریلر بھی خوب مقبول ہو رہا ہے۔

فلم کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 'آزاد نگر' کے بادشاہ (شیر) کی ریٹائرمنٹ کا وقت قریب ہے اور وہ اپنی بادشاہت کسی اور کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔

مختلف جانور خود کو اس عہدے کا اہل ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ایسے میں چالاک لومڑی کو منگو دھوبی (گدھے) کا خیال آتا ہے اور وہ اس کا نام پیش کردیتی ہے۔

منگو یہ سن کر تھوڑا گھبراتا ہے اور کہتا ہے کہ 'یہ مجھ سے نہیں ہوگا، میں گدھا ہی ٹھیک ہوں'، لیکن پھر وہ اس کے لیے تیار ہوجاتا ہے اور لومڑی سے کہتا ہے، 'میں سلطنت کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہوں لیکن وزن 30 کلو سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے'۔




ٹریلر میں ایک موقع پر لومڑی کہتی نظر آتی ہے، 'وقت پڑنے پر تو گدھے کو باپ بھی بناتا پڑتا ہے، ارے ہم نے تو صرف کنگ ہی بنایا ہے'۔

اس ٹریلر میں موسیقی کا تڑکا بھی شامل ہے، جہاں منگو کنگ 'ڈونکی راجہ۔۔۔ اب بجے گا سب کا باجا' پر ڈانس کرتا نظر آیا۔

واضح رہے کہ اس فلم میں جان ریمبو نے منگو جبکہ حنا دلپذیر نے لومڑی کی صداکاری کی ہے۔

دیگر صداکاروں میں جاوید شیخ، عدیل ہاشمی، شفاعت علی، غلام محی الدین، فیصل قریشی، شبیر جان، مانی، اسماعیل تارا اور عرفان کھوسٹ شامل ہیں۔

جیو فلمز اور ٹیلیسمین اینیمیشن اسٹوڈیو کی مشترکہ پیشکش 'دی ڈونکی کنگ' 13 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :