ایشیا کپ میں شریک 6 میں سے 3 ٹیمیں باہر نکل چکی ہیں جب کہ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش اس وقت ٹائٹل کی دوڑ میں شریک ہیں۔
24 ستمبر ، 2018
متحدہ عرب امارات کے تپتے صحرا میں 6 ٹیموں کے درمیان ایشیاکپ ٹائٹل کے حصول کیلئے جنگ جاری ہے۔ افغانستان جیسی چھوٹی ٹیموں نے 5بار کی چیمپئن سری لنکا کو ہرا کر نہ صرف اپ سیٹ کیا بلکہ ساری دنیا کو حیران کیا جب کہ ہانگ کانگ نے بھی غیرمعمولی کارکردگی دکھائی۔
ایونٹ میں 6 میں سے 3 ٹیمیں باہر نکل چکی ہیں جبکہ پاکستان، بھارت اوربنگلہ دیش اس وقت ٹائٹل کی دوڑ میں شریک ہیں۔ اس ایونٹ میں کئی ایسے کم عمر کھلاڑی ایکشن میں نظر آئے ہیں جن کو ایونٹ میں کھیلنے کاموقع ملاتو انہوں نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اپنا بھرپور کردار دا کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی رواں ایشیا کپ میں شرکت کرنے والے سب سے کم کھلاڑی ہیں۔ ان کی عمر 18سال ہے۔ وہ 6 اپریل 2000 کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار ڈیبیو کرتے ہوئے افغانستان کےخلاف میچ میں دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا اور صرف 38 رنز دیئے۔ لیفٹ آرم میڈیم بولر نے رواں برس ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیبیو کیا جس میں انہوں نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے 2018 پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی اور انہوں نے4رنز کے عوض ملتان سلطانز کے 5کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا اور پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک ہی میچ میں 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔
خیال رہے کہ وہ انڈر 19 ورلڈ کپ2018 میں پاکستان کے بہترین بولر رہے۔ انہوں نے پانچ میچز میں 12کھلاڑیوں کو میدان بدر کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔ واضح رہے کہ شاہین آفریدی کے بڑے بھائی ریاض آفریدی پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر اور فاسٹ بولر رہ چکے ہیں۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ بیٹسمین احسان اللہ کی عمر 20سال ہے۔ انہوں نے2018 ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف 45رنز بنائے اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ 28دسمبر 1997 کوخوست،افغانستان میں پیداہوئے۔ انہوں نے گزشتہ برس فروری میں زمبابوے کے خلاف میچ سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا۔ وہ 13 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 281 رنز بنا چکے ہیں جبکہ 7 ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
بنگلہ دیش کے مڈل آڈر بیٹسمین مصدق حسین رواں سال 23سال کے ہوجائیں گے ، انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کا نام نیا نہیں۔ انہوں نے 2016 میں افغانستان کےخلاف میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا۔ 22 سالہ مصدق حسین 10 دسمبر 1995 کو پیداہوئے۔ وہ 22 میچز میں بنگلہ دیش ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
وہ 2018 ایشیا کپ میں ہونے والے تین میچز میں شرکت کرچکے ہیں لیکن کسی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ وہ افغانستان کے خلاف میچ میں 26 رنز بناکر ناٹ رہے۔
ہانگ کانگ کرکٹ ٹیم اگرچہ ٹورنامنٹ باہر ہو چکی ہے لیکن اس کے کپتان انوشمان راتھ 5 نومبر 1997 میں پیدا ہوئے۔ انہوں نےنزاکت خان کے ساتھ عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو تگنی کا ناچ نچادیا۔
’’بے بی ٹیم‘‘ کے نام سے مشہور ہانگ کانگ کی ٹیم نے ایشیا کپ کے دوسرےمیچ میں 286 رنز ہدف کے تعاقب میں شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 174 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ایشین چیمپئن کو سبق پڑھادیاکہ عمدہ اوپننگ کیسے کی جاتی ہے۔اس میچ میں انوشمان راتھ نے 73 جبکہ نزاکت خان نے 92 رنز کی اننگز کھیلی۔
20سالہ کپتان انوشمان راتھ 18میچز کھیلتے ہوئے 828رنز بنائے جبکہ 143رنزان کے کیرئیر کی بہترین اننگز ہے۔ انہوں نے2014نومبر کو پاپوا نیو گنی کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کیا ۔
خیال رہے کہ ہانگ کانگ کی ٹیم نے تیسری بارایونٹ میں رسائی حاصل کی ہے۔ ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستان اوربھارت کیخلاف ناکامی کے بعد ایشیا کپ سے باہرتو ہوگئی لیکن غیرمتوقع پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے دنیا کو حیران کردیااور اپنی پرفارمنس سےدنیا کو بتایا کہ ان میں کیا کچھ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل خلیل احمد کا پورا نام خلیل خورشید احمد ہے ۔20سالہ لیفٹ آرم بولر نے ایشیا کپ میں ون ڈےکرکٹ کا آغاز کیا اور ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں تین وکٹیں اپنےنام کیں۔
وہ 5دسمبر 1997کوبھارت کے شہر راجستھان میں پیدا ہوئے۔ انہوں انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی ڈئیرڈیولز میں ظہیر خان کے ساتھ وقت گزارا اور یہ چیز ان کی پرفارمنس کو نکھارنے میں بھرپور مددگار ثابت ہوئی ۔