پاکستان
Time 25 ستمبر ، 2018

بنگالی و افغان مہاجرین کی شہریت: نفیسہ شاہ اور شیریں مزاری آمنے سامنے


اسلام آباد: بنگالیوں اور افغان مہاجرین کو شہریت دینے کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ اور وفاقی وزیر شیریں مزاری آمنے سامنے آگئیں۔

 قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت ہر وقت ریاستِ مدینہ کی بات کرتی ہے لیکن سعودی تو کسی کو شہریت ہی نہیں دیتے۔

اس کے جواب میں شیریں مزاری نے نفیسہ شاہ کو تاریخ پڑھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کا مطلب سعودی عرب نہیں ہوتا۔

نفیسہ شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم کو کراچی کی حساسیت اور اس کے اصل باشندوں کا خیال نہیں، اس پر وفاقی وزیر شیریں مزاری کا جواب تھا کہ شکر ہے آج پیپلزپارٹی کو کراچی کا خیال آیا ہے جب کہ سندھ میں 10 سال سے انہی کی حکومت ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کے دورے میں کئی دہائیوں سے پاکستان میں رہنے والے بنگالیوں اور افغانیوں کو شہریت دینے کا اعلان کیا تھا جب کہ وزیر اعظم کے اعلان پر پاکستان پیپلزپارٹی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

مزید خبریں :