01 اکتوبر ، 2018
اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب سے روزانہ 2 لاکھ بیرل خام تیل ادھار پر لینے کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد 6 روزہ دورے پر اسلام آباد میں ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات میں پاکستان نے سعودی عرب سے ادھار پر تیل لینے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو روزانہ 2 لاکھ بیرل ادھار پر تیل چاہیے، پاکستان کو کم از کم 90 روز کے لیے تیل ادھار پر دیا جائے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کے مشیر برائے توانائی، صنعت اور معدنی وسائل احمد حمید الغامدی نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب سے ملاقات کی۔
سعودی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی جب کہ سعودی عرب کو بجلی پیداوار اور ترسیل میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی گئی۔
پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب نے سعودی وفد کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک بن چکا ہے جہاں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست ملک بن چکا ہے جو سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر سہولیات اور سیکورٹی فراہم کرتا ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی پیداوار اور ترسیلی نظام میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں، بجلی پیداواری شعبوں میں پانی، شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی بنانے کے بہت مواقع ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی کے شعبوں پر کام کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی وفد کے طویل دورے کے دوران دونوں ممالک میں گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام اور پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سمیت 5 اہم مفاہتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔