پاکستان
Time 05 اکتوبر ، 2018

(ن) لیگ نے شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام اور ملک دشمنی قرار دے دی

اس طرح سے اوچھے ہتھکنڈوں کے بعد ن لیگ کا مؤقف مزید مضبوط ہو گا، ترجمان ن لیگ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے نیب کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتاری کو مذمت کرتے ہوئے کہا  کہ صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں گرفتاری مضحکہ خیز اور غیر قانونی ہے۔

مریم اورنگزیب کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہباز شریف کو بغیر کسی ثبوت کے گرفتار کیا گیا، ان کی گرفتاری پارلیمان کی توہین اور ملک دشمنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وثوق سے کہہ سکتی ہوں گرفتاری الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے ہے، عمران خان کو معلوم ہو گیا کہ جو ووٹ جہازوں میں خریدے تھے وہ بھی ن لیگ کے حصے میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا جب بزردار سے مقابلہ کرینگے تو لوگ اسی طرح ووٹ کا استعمال کریں گے، جتنی سیاسی سازشیں کر لیں، جس طرح انہوں نے ملک میں آگ لگائی آج ان کے اپنے لوگ ان کھڈوں میں گر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس سیاسی انتقام کی روایت شروع کی گئی، اس کے نتائج 90 میں بھگت چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نامزد وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہیے کہ ن لیگ آمر کے دور میں بھی اس سے کڑے سیاسی انتقام سے گزر چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام اور میڈیا کو نہیں پتا کہ شہباز شریف کے خلاف کیس کیا ہے؟ قائدین کا میڈیا ٹرائل ہوتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ نیب نے تمام شواہد اکٹھے کر لیے لیکن بعد میں ان شواہد کا حال عدالت میں پتا چلتا ہے۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ جو پارٹی گالم گلوچ اور دھرنے کے سوال کچھ نہیں کر سکی وہ انتقام کی سیاست پر اتر آئی ہے، ایک طرف کہتے ہیں کہ نیب آزاد ادارہ ہے دوسری طرف کہتے ہیں یہ پہلی گرفتاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نیب واقعی میں آزاد ادارہ ہے تو انہیں دونوں وزراء کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، یا پھر اگر نیب کے پاس ترجمان نہیں تو انہی وزراء کو اضافی چارج دے دیا تاکہ ہمیں پتہ چل سکے کہ ہمارے کون سے مزید لوگ گرفتار ہونے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزراء بیان بازی کے ذریعے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ سیاسی انتقال نہیں تو اور کیا ہے، ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہو رہی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے بعد ن لیگ کا مؤقف مزید مضبوط ہو گا، قائدین کا پیغام ہے کہ پارٹی کی حکمت عملی کا انتظار کریں، ہم میں اور ایک فسادی اور دھرنا پارٹی میں فرق ہے، قانونی ماہرین کی مشاوت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

شہبازشریف کی گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر اپوزیشن لیڈرکی گرفتاری خلاف قانون ہے، سیاسی مخالف پر عبرت کا نشان بنانے کی روش پہلے بھی قوم کا نقصان کرچکی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے اعلامیے میں مزید کہا گیاہےکہ شہباز شریف نے اپنی زندگی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وقف کی، چین اور ترکی سمیت جس کو ساری دنیا نے شاباش دی اور اس کی مثال دی، نیب نے اسے گرفتار کرلیا۔

پارلیمانی پارٹی کا کہنا ہےکہ سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کے استعمال کی بدقسمت تاریخ دہرائی جارہی ہے، ضمنی الیکشن کے موقع پر گرفتاری سے ثابت ہوگیا کہ حکومت (ن) لیگ سے کتنی خوفزدہ ہے، آزادانہ غیر جانبدارانہ الیکشن کو مخالفین اپنی سیاسی موت سمجھتے ہیں۔

(ن) لیگ کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ مشرف کے ستم کو (ن) لیگ کی قیادت،کارکنوں نےجرات اور بہادری سےگزارا، مسلم لیگ (ن) تمام صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، قائدین کی مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہےکہ (ن) لیگ کی قیادت کو بدترین ریاستی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :