05 اکتوبر ، 2018
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے پر وفاقی اور صوبائی وزراء کے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں خدمت کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اورسلمان رفیق کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق این اے 131 جو کہ عمران نیازی نے سیٹ چھوڑی تھی اس پر ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں چند دن رہ گئے ہیں، نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے آج کا ہی دن کیوں چنا گیا؟ وزرات داخلہ خود عمران خان کے پاس ہے تو یہ خود ہی بندوبست کرلیا ہے۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب خواجہ براداران بھاگ نہیں سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کسی وقت بھی گرفتار ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم سے وسائل اور فنڈز کشید کر کے پیراگون کو پروان چڑھایا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اس خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے ٹوئٹر پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سختی سے تردید کی۔
یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق وزیر اعظم عمران خان کی لاہور کی چھوڑی ہوئی سیٹ این اے 131 پر ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے سابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور اُن کے بھائی کو 16 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے جب کہ ان کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
سابق وفاقی وزیر ریلوے متعدد بار نیب کے سامنے پیش ہوچکے ہیں اور اپنا بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔