05 اکتوبر ، 2018
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے نیب کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتاری پر کہا ہے کہ نیازی صاحب نیب کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کرلیں، ہم بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے الیکشن میں دھاندلی کے دھونس بھی شروع کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی صاحب نے اور تو کوئی اچھا کام نہیں کیا لیکن ایک اچھا کام ضرور کیا ہے، انہوں نے وزیراعظم ہاؤس کی بھینسوں کی نیلامی بہت خوبی سے کی جس کی بھارتی میڈیا میں خوب پزیرائی ہوئی، یہ میری نہیں پورے پاکستان کی بدنامی ہے کہ ایک ایٹمی طاقت رکھنے والے ملک کا وزیراعظم بھینسیں بیچ کر پیسے جمع کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لولی لنگڑی حکومت ہوا میں معلق ہے، نیازی صاحب صرف چار ووٹ لیکر وزیراعظم بنے ہیں اور ضمنی الیکشن سے خوفزدہ ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 37 صوبائی اور 11 قومی اسمبلیوں کے الیکشن ہیں اور نیازی صاحب کی کوشش ہے کہ ان میں کامیابی حاصل کر کے اپنی حکومت بچا لی جائے لیکن نیازی صاحب سے کہتا ہوں حکومت ایسے نہیں چلتی۔
ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ن لیگی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا اصل مقصد یہ ہے کہ اگر ضمنی الیکشن میں یہ سیٹیں مل جائیں تو خان صاحب کی حکومت بچ جائے لیکن حکومتیں ایسے نہیں بچا کرتیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر نیب نے ہر الیکشن سے پہلے ن لیگ کے رہنماؤ ں کو گرفتار کر کے مینڈیٹ نیازی صاحب کو دینے کی ٹھان لی ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرلیں، ہم اس سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں اور اللہ کے فضل سے سرخرو ہوں گے۔
رہنما ن لیگ نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ نیازی صاحب، اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے آپ کے دل کا بغض سامنے آ رہا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاست میں قید کاٹنی پڑتی ہیں اور اپوزیشن کو برداشت کرنا پڑتی ہے، مجھے فخر ہے کہ میں نواز شریف کا بھتیجا اور شہباز شریف کا بیٹا ہوں جنہوں نے آمریت کے دور میں بھی قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ہمارے خلاف ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہ ہو سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب، آپ دھاندلی سے بنی حکومت کو چھپا نہیں سکتے، ہم آپ کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں 16 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی اور ہمارے 5 سالوں میں 11 ہزار میگا واٹ پیدا ہوئے، ہم نے بجلی کے منصوبوں میں قوم کا 160 ارب روپے بجلی کے منصوبوں سے بچایا۔