Time 07 اکتوبر ، 2018
انٹرٹینمنٹ

کنگنا کا اپنی ہی نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم کے ہدایتکار پر جنسی ہراسانی کا الزام

وکاس بہل کی حرکتوں کے خلاف ایک خاتون کا ساتھ دینے پر مجھے کئی پروجیکٹس سے ہاتھ بھی دھونا پڑے، کنگنا کا دعویٰ — فوٹو: فائل 

بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی ہی ’نیشنل ایوارڈ یافتہ‘ فلم ’کوئین‘ کے ہدایت کار  وکاس بہل پر شوٹنگ کے دوران جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔

گزشتہ دنوں بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا جسے نانا پاٹیکر نے مسترد کیا تھا لیکن اب تنازعات میں رہنے والی والی اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی ہدایت کار پر جنسی ہراسانی کا الزام لگا دیا ہے۔

اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ 2014 میں فلم ’کوئین‘ کی شوٹنگ کے دوران وکاس کہتے تھے کہ 'مجھے انجوائے کرانا نہیں آتا اور  وہ جب بھی مجھ سے ملتے تو بالوں کی خوشبو کی تعریف کرتے اور زبردستی قریب آنے کی کوشش کرتے تھے جس سے مجھے پریشانی ہوتی تھی'۔

یاد رہے کہ ہدایت کار وکاس بہل پر ایک اور خاتون نے بھی جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔

کنگنا رناوت کا دعویٰ ہے کہ وکاس بہل کی حرکتوں کے خلاف اس خاتون کا ساتھ دینے پر انہیں کئی پروجیکٹس سے ہاتھ بھی دھونا پڑے۔

وہ کہتی ہیں کہ وکاس بہل ایک فلم کی کہانی لے کر میرے پاس آئے تھے جس پر میں نے ان سے ایک خاتون کے معاملے پر بات کی تو اس کے بعد وہ چپ ہوگئے اور اس طرح مجھے پروجیکٹ سے ہاتھ دھونا پڑا۔

واضح رہے کہ ہدایت کار وکاس بہل ادکارہ کنگنا رناوت کی نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ’کوئین‘ کے ہدایت کار ہیں اور اس فلم میں بہترین اداکاری پر کنگنا کو نیشنل ایوارڈ دیا گیا تھا جب کہ فلم نے بھی بہترین ہندی فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

مزید خبریں :