Time 08 اکتوبر ، 2018
پاکستان

شہباز شریف کے بعد ان کے صاحبزادے سلمان شہباز بھی نیب میں طلب

نیب نے سلمان شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 10 اکتوبر کو پیش کونے کی ہدایت کی ہے— فوٹو: فائل

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے بعد ان کے صاحبزادے سلمان شہباز کو بھی قومی احتساب بیورو (نیب) نے طلب کرلیا۔

نیب نے سلمان شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 10 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ 5 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیب میں صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا لیکن جب وہ بیان کرانے پہنچے تو انہیں آشیانہ اسکیم کیس میں گرفتار کیا گیا۔

نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس، اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

نیب ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کو لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈی جی فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

نیب کے مطابق شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ اسکیم کے لیے لطیف اینڈ کمپنی کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کے پیراگون کی پراکسی کمپنی 'کاسا' کو دلوا دیا۔

نیب کا الزام ہے کہ شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی پر دباؤ ڈال کر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا تعمیراتی ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دلوایا اور پھر یہی ٹھیکہ پی ایل ڈی سی کو واپس دلایا جس سے قومی خزانے کو 71 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی پر دباؤ ڈال کر کنسلٹنسی کانٹریکٹ ایم ایس انجینئر کسلٹنسی کو 19کروڑ 20 لاکھ روپے میں دیا جبکہ نیسپاک کا تخمینہ 3 کروڑ روپے تھا۔

شہباز شریف کو لاہور کی احتساب عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :