Time 09 اکتوبر ، 2018
انٹرٹینمنٹ

نانا پاٹیکر کے بعد بالی وڈ اداکار الوک ناتھ پر بھی جنسی ہراسانی کا الزام

الوک ناتھ نے 19 سال قبل تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی حوس کا نشانہ بھی بنایا تھا، ڈائریکٹر ونتا نندا فوٹو: فائل

ممبئی: بالی وڈ انڈسٹری میں اداکاراؤں کی جانب سے ایک کے بعد ایک جنسی ہراسانی کے الزامات سامنے آرہے ہیں۔

بالی وڈ نامور اداکار نانا پاٹیکر اور ہدایت کار وکاس بہل کے بعد الوک ناتھ ہراسانی کے الزامات کی زد میں ہیں۔

ڈائریکٹر اور مصنف ونتا نندا نے بالی وڈ اداکار الوک ناتھ پر الزام لگایا ہے کہ 19 سال قبل اداکار نے انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی ہوس کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

ونتا نندا نے یہ الزام اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک تفصیلی پیغام میں لگایا اور واقعہ کی تفصیلات کا ذکر بھی کیا۔


دوسری جانب الوک ناتھ نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا کہ 'میں اس الزام کی نہ تصدیق کروں گا اور نہ ہی تردید، اس قسم کے الزامات پر بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں کیوں کہ خاتون نے جو کہا اسی کو حقیقت سمجھ لیا جائے گا'۔

اداکار نے کہا کہ ہم صرف خواتین کا مؤقف سنتے ہیں کیوں کہ انہیں کمزور سمجھا جاتا ہے۔

اداکار الوک ناتھ نے ونتا نندا کے تحریر کردہ ڈرامہ سیریل 'تارا' میں دیپک سیٹھ کا کردار ادا کیا تھا اور یہ ڈرامہ 5 سال تک 'زی ٹی وی' پر نشر ہوا تھا۔

62 سالہ اداکار فلم تال، ہم آپ کے ہیں کون، میں نے پیار کیا، ویوک سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور چھوٹی اسکرین پر درجنوں ڈراموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں اداکارہ تنوشری دتا نے نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا جس کے بعد کنگنا رناوت نے اپنی ہی ’نیشنل ایوارڈ یافتہ‘ فلم ’کوئین‘ کے ہدایت کار وکاس بہل پر شوٹنگ کے دوران جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔

مزید خبریں :