10 اکتوبر ، 2018
راولپنڈی: پاک فوج میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر تقرریاں اور تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں جب کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر ڈی جی آئی ایس آئی جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کو کور کمانڈر منگلا تعینات کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹننٹ جنرل عبدالعزیز کو ملٹری سیکریٹری جی ایچ کیو جب کہ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو آئی جی آرمز تعینات کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی چیف آف لاجسٹکس، لیفٹیننٹ جنرل محمد عدنان وائس چیف آف جنرل اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فرنٹیئر فورس رجمنٹ کے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) رہ چکے ہیں اور اس سے پہلے انہوں نے سیاچن میں ڈویژن کمانڈ کی اور وہ آپریشنل ایریا میں بریگیڈ کی کمان بھی سنبھال چکے ہیں۔
عاصم منیر پاکستان ملٹری اکیڈمی یعنی پی ایم اے کے فارغ التحصیل نہیں بلکہ انہوں نے آفیسرز ٹریننگ اسکول سے فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔
28 ستمبر کو پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی جن میں میجر جنرل شاہین مظہر، میجر جنرل ندیم ذکی، میجر جنرل عبدالعزیز، میجر جنرل عاصم منیر، میجر جنرل عدنان اور میجر جنرل وسیم اشرف کو لیفٹیننٹ جنرل بنایا گیا تھا۔