10 اکتوبر ، 2018
ماڈل ایان علی کا نام کرنسی اسمگلنگ کے بعد جعلی اکاؤنٹس کے معاملے میں بھی سامنے آیا ہے۔
سپریم کورٹ کے حکم پر منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو ماڈل ایان علی کے اکاؤنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ احسان صادق کی سربراہی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی تحقیقات کے دوران جعلی اکاونٹس کے ماڈل گرل ایان علی سے تعلق کا سراغ لگایا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک جعلی اکاؤنٹ سے ایان علی کے اکاؤنٹ میں رقوم کی منتقلی ہوئی جس کے دستاویزی ثبوت بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں ایف آئی اے کے سربراہ بشیر میمن کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ماڈل ایان علی کو گزشتہ دور حکومت میں کرنسی اسمگلنگ کیس میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جس میں وہ ضمانت پر رہا ہیں۔
عدالت کی جانب سے مسلسل بلانے کے باوجود پیش نہ ہونے پر چند روز قبل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔