11 اکتوبر ، 2018
ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکرکے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقدمہ اداکارہ تنوشری دتہ کی مدعیت میں ممبئی پولیس نے درج کیا۔
اداکار نانا پاٹیکر کے علاوہ دیگر 3 شخصیات بھی مقدمے میں نامزد ہیں جن میں کوریوگرافر گنیش اچاریہ، پروڈیوسر سمیع صدیقی اور ڈائریکٹر راکیش سارنگ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں تنوشری دتہ نے بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے نانا پاٹیکر پر 2008 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نام لے کر بتانا چاہتی ہوں کہ نانا پاٹیکر فلم 'ہارن اوکے پلیز' کی شوٹنگ کے پہلے ہی دن میرے ساتھ غلط طرح سے پیش آئے تھے، یہاں تک کہ میرے سولو گانے کی شوٹنگ کے وقت بھی انہوں نے ساتھ ڈانس کرنے کی شرط رکھی‘۔
تنوشری دتہ نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ نانا پاٹیکر نے زور زبردستی کرکے ان کے ساتھ ڈانس کیا جس کی شکایت انہوں نے فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سے بھی کی لیکن دونوں نے کان نہیں دھرے۔
اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر دیگر اداکاراؤں کو بھی ہراساں کر چکے ہیں اور ان کے ساتھ غیر اخلاقی طریقے سے بھی پیش آچکے ہیں۔
تاہم تنوشری دتہ کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کے الزام کو نانا پاٹیکر نے مسترد کردیا تھا اور جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام لگانے پر اداکارہ تنو شری دتہ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا تھا۔
نانا پاٹیکر کے وکیل رجیندرا شرودکر کے مطابق تنوشری دتہ کے لگائے جانے والے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں جنہیں وہ مسترد کرتے ہیں۔
نانا پاٹیکر نے تنوشری سے معافی اور غلطی تسلیم کرنے کے اعتراف کا مطالبہ بھی کیا۔