پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2018

سعد رفیق اور سلمان رفیق کا حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

سعد رفیق اور سلمان رفیق نے درخواست میں استدعا کی کہ نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روکا جائے—۔فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

واضح رہے کہ پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر  وزارت داخلہ نے گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے نام بلیک لسٹ میں ڈال دیئے تھے۔

سعد رفیق اور سلمان رفیق نے اپنے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے آج لاہور ہائیوکرٹ میں درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے جو ریکارڈ مانگا، انہوں نے وہ فراہم کر دیا اور وہ بیورو سے مکمل تعاون کر رہے ہیں لیکن خدشہ ہے کہ نیب کی جانب سے انہیں غیرقانونی طور پر گرفتار کر لیا جائے گا۔

خواجہ برادران نے درخواست میں استدعا کی کہ نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روکا جائے اور لاہور ہائیکورٹ ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔

سعد رفیق اور سلمان رفیق کی درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ 15 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

خواجہ برادران کے خلاف نیب تحقیقات

واضح رہے کہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔

نیب نے دونوں بھائیوں کو پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

اس سے قبل بھی نیب لاہور  کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کو کئی بار طلب کرکے پوچھ گچھ بھی کی جاچکی ہے۔

رواں ماہ 10 اکتوبر کو خواجہ سعد رفیق نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت سے 15 روز کے لیے حفاظتی ضمانت کی استدعا کی گئی تھی۔

تاہم عدالت عالیہ نے سعد رفیق کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں متعلقہ فورم یعنی لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 سے ن لیگ کے امیدوار بھی ہیں جب کہ وہ اس وقت پنجاب اسمبلی کے رکن بھی ہیں۔

مزید خبریں :