سیاسی شخصیات سے وابستہ 35 افراد کی دبئی میں جائیدادیں، جیو نے عبوری رپورٹ حاصل کرلی

سپریم کورٹ میں ایف آئی اے نے عبوری رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں 35 اہم شخصیات سے وابستہ افراد کے نام بھی شامل ہیں

بیرون ملک جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کے معاملے پر سپریم کورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی عبوری رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کرلی۔ رپورٹ کے مطابق سیاسی شخصیات سے وابستہ 35 افراد کی دبئی میں جائیدادیں ہیں۔

سپریم کورٹ میں ایف آئی اے کی عبوری رپورٹ میں 35 اہم شخصیات سے وابستہ جن افراد کا نام شامل کیا گیا ہے ان میں اکبر خان، علیمہ خان، اظہرہ نسرین، رضوانہ امین، صفینہ کھر، ممتاز مسلم، عائشہ انوربیگ، اشوک چاؤلہ، حسن تالپور شامل ہیں۔










فہرست میں پولیس آفیسر سہیل تاجک، جنرل ریٹائرڈ افتخار خان مرحوم سمیت بیوروکریسی اور دفتر خارجہ سے وابستہ ریٹائرڈ افسران کے نام بھی شامل ہیں۔


فہرست میں شامل شخصیات سے رابطہ کیا گیا تو اکثریت نے کہا کہ یہ جائیدادیں ان کی نہیں۔ بعض نے کہا کہ جائیدادیں بزرگوں کی تھیں، فروخت کرچکے، ڈیکلیئر کر چکے، اب انہیں تنگ کیا جا رہا ہے۔

کچھ لوگوں نے فہرست میں اپنے ناموں کو غلط قرار دیا اور کہا کہ غلط اندراج ان کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ یواے ای حکومت ایسی فہرست دے ہی نہیں سکتی کیونکہ اس سے وہاں سرمایہ کاری کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

نوٹ : جیو نیوز اس فہرست کے ناموں کی اہم شخصیات سے وابستگیوں اور رشتہ داریوں کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں لا رہا۔ اگر جائیدادوں کی وابستگی ثابت ہو گئی تو شناخت کی مکمل تفصیل شائع کی جائے گی۔