کھیل
Time 25 اکتوبر ، 2018

پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے ارکان کے نام سامنے آگئے

پی سی بی نے وسیم اکرم اور مصباح کے ساتھ سابق کرکٹرمحسن خان کو بھی کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وسیم اکرم چیئرمین ہوں گے، ذرائع— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائم کی جانے والی کرکٹ کمیٹی کے ارکان کے نام سامنے آگئے، کمیٹی میں سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور محسن خان کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے وسیم اکرم اور مصباح کے ساتھ سابق کرکٹرمحسن خان کو بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ بطورکمیٹی رکن کل چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی سے ملاقات کریں گے۔

کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین کون ہوگا اس حوالے سے فیصلہ بھی کل ہونے کا امکان ہے۔ محسن خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میں احسان مانی کی خصوصی درخواست پر لاہور آیا ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان وسیم اکرم کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنائے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اعلٰی سطح کی کرکٹ کمیٹی کو ٹیم کے ہیڈ کوچ، دیگر کوچز کے علاوہ سلیکٹرز اور کئی بڑے فیصلوں کا اختیار حاصل ہوگا۔

کرکٹ کمیٹی ملک بھر میں کرکٹ اور کرکٹرز کے معاملات کی نگران ہوگی اور تمام پالیسی فیصلے کرنے سے قبل اس بارے میں سفارشات چیئرمین کو دے گی۔

ماضی میں کوچز اور سلیکشن کمیٹی کا تقرر چیئرمین کرتے تھے اور اس حوالے سے رسمی منظوری کیلئے کمیٹی تشکیل دی جاتی تھی لیکن اب چیئرمین نے ساری ذمہ داری کرکٹ کمیٹی کو دے دی ہے۔

کرکٹ کمیٹی اپنی سفارشات کو مکمل کرنے کیلئے پی سی بی کے کسی بھی شعبے سے خفیہ معلومات حاصل کرسکتی ہے جب کہ کمیٹی کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ چیئرمین کی منظوری سے کچھ اراکین کا تقرر کرسکتی ہے۔

مزید خبریں :