27 اکتوبر ، 2018
سابق وزیراعظم نواز شریف نے سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ ون آن ون ملاقات کے امکان کو رد کرتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو عام انتخابات کے بعد سے پیپلز پارٹی کے کردار پر تحفظات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آصف زرداری سے ون آن ون ملاقات سے گریزاں ہیں تاہم جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے نواز شریف کو آصف زرداری سے ملاقات کے لیے قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان آج یا کل نواز شریف سے ملاقات کر کے اس حوالے سے مزید کوشش کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا بتانا ہے کہ اگر نواز شریف نے آصف زرداری سے ملاقات کی تو وہ اے پی سی میں ہی ہو گی اور نواز شریف پیپلز پارٹی سے تعاون پر مولانا فضل الرحمان سے ضمانت مانگیں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا تھا تاہم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کی تاریخ کا اعلان نواز شریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔