05 فروری ، 2012
اسلام آباد . . . . . ملک بھرمیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے۔ مظفر آباد میں قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا مشترکہ اجلاس ہوا۔جس سے وزیر اعظم کشمیر نے خطاب کیا۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔مظفر آباد میں قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری مجید نے کہا کہ صدر پاکستان آصف زرداری کی کشمیر کیلیے کوششوں کو قدر سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جس میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ مظفرآباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں۔ بھمبھر میں شہریوں نے ریلی نکالی اور اقوام متحدہ کے دفتر پہنچ کر یادداشت پیش کی۔ نواب شاہ میں اسکول کے بچوں نے ہاتھوں کی زنجیر بنائی اور کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے۔سکھرمیں امیر جماعت اسلامی سندھ کی سربراہی میں پریس کلب کے باہر بھارتی افواج کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔بلتستان ڈویڑن کے اضلاع اسکردو اور گانچھے میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا اور یکجہتی ریلی نکالی۔ ضلع غذر میں محکمہ تعلیم کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی اور ایف جی بوائز ہائی اسکول میں تقریب منعقد ہوئی۔سوات میں جماعت اسلامی کے جلسے سے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے خطاب کیا۔