پاکستان
Time 04 نومبر ، 2018

مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے جے یو آئی (س) کے قائم مقام امیر مقرر

مولانا سمیع الحق کے بغیر ہم یتیم ہوگئے ہیں، سب عہدیداران پرانے عہدوں پر بحال رہیں گے، مولانا حامد الحق۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

نوشہرہ: جمعیت علماء اسلام (س) کی مرکزی شوریٰ نے مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق کو پارٹی کا قائم مقام امیر نامزد کردیا۔

جے یو آئی (س) کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس اکوڑہ خٹک میں ہوا جس میں مولانا سمیع الحق کے سیاسی جانشین کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر شوریٰ نے مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے حامد الحق کو قائم مقام امیر بنانے کی منظوری دی۔

مولانا حامد الحق کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کے بغیر ہم یتیم ہوگئے ہیں، سب عہدیداران پرانے عہدوں پر بحال رہیں گے۔

مولانا حامد الحق نے اپیل کی کہ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

جامعہ دارالعلوم حقانیہ، جے یو آئی (س) کی مجلس شوریٰ اور حقانی خاندان کا پالیسی بیان میں کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق بین الاقوامی اور عالمگیر شخصیت تھے اور انہوں نے افغان جہاد کے تمام ادوار میں نمایاں کردار ادا کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی دنیا اور افغان حکومت نے مولانا سمیع الحق کو ”فادر آف طالبان“ کا لقب دیا تھا۔ 

جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے پالیسی بیان کے مطابق عظیم سانحہ کے بعد عالم اسلام میں دکھ اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے، افغان چینلز، خصوصاً سوشل میڈیا پر مولانا سمیع الحق کیخلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

بیان میں کہنا ہے کہ مولانا سمیع الحق شہید کی کسی سے ذاتی دشمنی اور عناد نہیں تھا اور ان کی شہادت اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ افغانستان، بھارت ارو بیرونی عناصر کی سازشیں بہت حد تک شامل ہیں۔

دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے اعلامیے کے مطابق مولانا کی شہادت کو گروہی یا ذاتی تنازع کا نام دینا انتہائی بے بنیاد ہے، کچھ عناصر اور حلقے نااہلی چھپانے کیلئے  حقائق کے منافی، بے بنیاد اور متضاد بیانات جاری کررہے ہیں لہٰذا مکمل تحقیقات کے بعد کسی نتیجے پر پہنچنے تک ایسے بیانات سے گریز کیا جائے اور مولانا شہید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

یاد رہے کہ جمعیت علما اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق کو 2 اکتوبر کو اسلام آباد میں ان کی اپنی رہائش گاہ میں چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا گیا تھا۔

مولانا سمیع الحق کون تھے ؟

جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور جمیعت العلماء اسلام (سمیع الحق) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا تعلق دینی گھرانے سے تھا، وہ 18 دسمبر1937 کو اکوڑہ خٹک میں پیدا ہوئے۔

مولانا سمیع الحق نے خود بھی دارالعلوم حقانیہ سے تعلیم حاصل کی جس کی بنیاد ان کے والد مولانا عبدالحق نے رکھی تھی، مولانا سمیع الحق دفاعِ پاکستان کونسل کے چئیرمین اور وہ سینیٹ کے رکن بھی رہے ہیں۔

مولانا سمیع الحق کا شمار ملک کی مذہبی اور سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا، انہوں نے مختلف مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور متحدہ مجلس عمل کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

مولانا سمیع الحق کو طالبان کے قریب سمجھا جاتا تھا اور ایک تاثر عام ہے کہ طالبان ان کی بات کو اہمیت دیا کرتے تھے۔

مزید خبریں :