پاکستان
Time 07 نومبر ، 2018

پاکستان نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے تحفظات سے امریکا کو آگاہ کردیا


اسلام آباد: پاکستان نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے تحفظات سے امریکا کو آگاہ کردیا۔

امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں وہ سفارتی ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ 

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے تحفظات سے امریکا کو آگاہ کردیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 6 نومبر کو ایلس ویلز کے دورہ پاکستان میں عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق تمام تر بنیادی انسانی حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی وفد کی جانب سے پاکستان کی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کے ہوسٹن میں قونصل جنرل ہر 15 روز بعد ڈاکٹر عافیہ سے ملتے ہیں اور وہ ڈاکٹر عافیہ کی خیریت دریافت کرکے ان تک فیملی کا پیغام پہنچاتے ہیں۔

سفارتی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ دفترخارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو عافیہ صدیقی کے خط سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی جلد اسلام آباد میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن سے ملاقات بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کے نام خط لکھا تھا جس میں انہوں نے رہائی میں مدد کرنے کی اپیل کی تھی۔

مزید خبریں :