08 نومبر ، 2018
کراچی: ایم کیوایم کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ خدشہ ہے فاروق ستار آئندہ سالوں میں ایم کیو ایم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
جامعہ کراچی میں دعوت حلیم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ فاروق ستار کے خلاف تنظیم ایکشن لینے جارہی ہے، ان کے بیان تنظیم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
کنور نوید جمیل نے کہا کہ خدشہ ہے فاروق ستار آئندہ سالوں میں ایم کیو ایم کا حصہ نہیں ہوں گے اور ان کے ساتھ چلنے والوں کاایم کیو ایم سے چلے جانا ہی بہترہے۔
متحدہ رہنما نے مزید کہا کہ نئی ایم کیو ایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے۔
واضح رہےکہ ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کےایم کیوایم بہادر آباد گروپ کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں اور انہوں نے رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔
فاروق ستار کو انتخابات میں شکست ہوئی جس کے بعد ضمنی انتخابات میں انہیں پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا تھا، انہوں نے ایم کیو ایم نظریاتی بنانے کا بھی اعلان کررکھا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی پیشکش کا بھی دعویٰ کرچکے ہیں۔