کھیل
Time 09 نومبر ، 2018

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی



ابوظہبی: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے جب کہ گرین شرٹس نے 41 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا لیکن 54 کے مجموعی اسکور پر امام الحق کیوی بولر فرگوسن کا خطرناک باؤنسر سر پر لگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

امام الحق کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے کے لیے بابر اعظم آئے۔

دونوں بلے بازوں کے درمیان 101 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی تاہم فخر زمان 88 رنز بناکر فیروگسن کا شکار بنے۔ 

مجموعی اسکور میں ایک رنز کے اضافے کے بعد بابر اعظم بھی 46 رنز بناکر فیروگسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

پاکستان کی تیسری وکٹ شعیب ملک کی گری جو 14 رنز بناکر فیروگسن کی گیند پر سودھی کو کیچ دے بیٹھے جب کہ کپتان سرفراز احمد 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم نے 41 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرکے 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی، گرین شرٹس کی نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے میچز میں مسلسل 12 شکستوں کے بعد پہلی کامیابی ہے۔ 

قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان 88 اور بابر اعظم 46 رنز بناکر نمایاں رہے، کیویز کی جانب سے فیروگسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وارکر نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث 4 کیویز بلے باز 16 ویں اوور میں 73 رنز پر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد راس ٹیلر اور ہنری نکولس کے درمیان 45 رنز کی اچھی شراکت قائم ہوئی۔

نیوزی لینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نکولس تھے جو 33 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

ایک طرف کیوی بلے بازوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب ان فارم راس ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسہ جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا سکی، راس ٹیلر 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کراتے ہوئے 38 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حسن علی کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ محمد حفیظ اور شاداب خان نے بھی ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔

یاد رہے کہ تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں کیویز نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دی تھی۔ 

مزید خبریں :