Time 09 نومبر ، 2018
پاکستان

سپریم کورٹ: ڈی جی نیب لاہور کی ڈگری سے متعلق کیس سماعت کیلئے مقرر


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو( نیب) لاہور کی ڈگری سے متعلق کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 12 نومبر کو ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا جس کیلئے عدالت نے درخواست گزار کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں میں بننے والے بینچ میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔

اسد کھرل نامی شہری نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی جعلی ڈگری کے حوالے سے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حوالے سے کہا تھاکہ کہ شہباز شریف کے خلاف ہمارے پاس ثبوت آگئے ہیں اور ایسے بیانات سامنے آگئے ہیں جس سے ہم مطمئن ہیں کہ ہمارا کیس بہت مضبوط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال بھی کرپشن ہے اور دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ شہباز شریف نے دوسروں کو فائدہ پہنچایا، ان کے خلاف اس مہینے کے آخر تک ریفرنس فائل ہو جائے گا۔

شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ یہ سارا کام پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے کیا گیا، انہوں نے پہلے والا کنٹریکٹ روکا اور کنٹریکٹر کو پیسے دیے، ہم نے ایسے ثبوت پکڑ لیے ہیں جس پر ہم شہباز شریف کے خلاف ریفرنس داخل کر رہے ہیں۔

شہزاد سلیم کے بیان پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں ہنگامہ کیا اور ان کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی ہے۔ 

مزید خبریں :