کھیل
Time 11 نومبر ، 2018

پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم، سیریز 1-1 سے برابر


دبئی: تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری اور فیصلہ کُن میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہو گیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم نے 6.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنائے تھے کہ میچ بارش کے باعث روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔

امپائرز نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کو تین میچوں پر مشتمل سیریز کا مشترکہ فاتح قرار دیدیا۔

 قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

64 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری اور محمد حفیظ 19 رنز بنا کر فرگوسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان بھی 65 رنز بنا کر گرینڈ ہوم کی گیند پر ہینری نکولس کو کیچ دے بیٹھے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں حارث سہیل اور بابر اعظم نے 108 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 206 رنز پر پہنچایا تو حارث سہیل 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کو چوتھا نقصان شعیب ملک کی صورت میں ہوا جو آج بھی کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 18 رنز بنا سکے۔

بابر اعظم 92 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور انہیں ٹرینٹ بولڈ نے پویلین کی راہ دکھائی جب کہ اننگز کے آخری اوور میں 3 قومی کھلاڑی آؤٹ ہوئے جن میں فہیم اشرف 5، آصف علی 9 اور حسن علی 2 رنز بنا سکے اور تینوں وکٹیں فرگوسن نے حاصل کیں۔

گرین شرٹس مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 21 ون ڈے سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں سے 13 کیویز اور 7 سیریز میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید خبریں :