دنیا
Time 11 نومبر ، 2018

امریکا: کیلی فورنیا کے جنگلات میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی

تین مقامات پر لگنے والی آگ سے ساڑھے 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوئیں، حکام۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 25 ہو گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات کے شمالی علاقے پیراڈائز سمیت تین مقامات پر تاحال خوفناک آگ لگی ہوئی ہے۔

پیراڈائز کے علاقے سے 14 مزید لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ دو لاشیں جنوبی علاقے مالیبو کے قریب ملیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی ہے۔

خوفناک آتشزدگی کے باعث پیراڈائز کا علاقہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جبکہ مالیبو میں ہالی ووڈ سیلبریٹیز کے گھر بھی آگ کی زد میں آئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں سے لیڈی گاگا اور کِم کارڈیشان سمیت ڈھائی لاکھ افراد گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

تین مقامات پر لگنے والی آگ سے ساڑھے 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوئیں جب کہ 110 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ خطرناک صورتحال اگلے ہفتے تک جاری رہے گی۔

کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو ریاست کی تاریخ کی سب سے تباہ کن آگ کہا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :