Time 19 نومبر ، 2018
پاکستان

فارم ہاؤس تنازع: جے آئی ٹی نے اعظم سواتی کو ذمہ دار قرار دے دیا

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی اور ان کے ملازمین کو فارم ہاؤس پر جھگڑے کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب عرفان منگی کی سربراہی میں جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں حتمی رپورٹ جمع کروائی۔

اعظم سواتی کے خلاف جے آئی ٹی کی تحقیقاتی رپورٹ 5 والیمز پر مشتمل ہے۔

رپورٹ میں حکومت کی طرف سے سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں۔

اعظم سواتی تنازع کا پس منظر

وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف تحقیقات کے تانے بانے اُن کے صاحبزادے کی جانب سے ان کے فارم ہاؤس کے قریب رہائش پذیر ایک غریب خاندان کے خلاف مقدمے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے ملتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس معاملے پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کو کئی مرتبہ فون کرنے کا اعتراف کیا، یہ جھگڑا ابھی درمیان میں ہی تھا کہ آئی جی اسلام آباد جان محمد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جس پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیا تھا۔

اعظم سواتی کے مس کنڈکٹ کے معاملے پر سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس نے وفاقی وزیر کے پڑوسیوں ساتھ تنازع میں بطور وزیر ان کے مس کنڈکٹ کا تعین کرنا تھا۔

عدالت نے جے آئی ٹی کو 14 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ اعظم سواتی اور ان کے بچوں کے اثاثے اور ٹیکس معاملات دیکھنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔

جے آئی ٹی نے اعظم سواتی کے علاوہ وزیر مملکت داخلہ کو بھی شامل تفتیش کیا اور 17 نومبر کو ایک سربمہر عبوری رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کروائی جبکہ آج حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی، جس میں انہیں ذمہ دار قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :