Time 19 نومبر ، 2018
کھیل

'بیٹسمینوں کو وکٹ پر ٹھہرنا چاہیے تھا، کوشش ہوگی غلطیاں اگلے میچزمیں نہ دہرائیں'

پہلی اننگز میں 2 اور دوسری اننگز میں صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہونے والے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بیٹسمینوں کو وکٹ پر ٹھہرنا چاہیے تھا— فوٹو: فائل

ابوظہبی ٹیسٹ میں 176 رنز کے تعاقب میں ناکام رہنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ میچ ہارنے پر مایوسی ہے۔

پہلی اننگز میں 2 اور دوسری اننگز میں صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہونے والے کپتان سرفراز احمد نے شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیٹسمینوں کو وکٹ پر ٹھہرنا چاہیے تھا، کوشش کریں گے جو غلطیاں ہوئیں انہیں اگلے میچز میں نہ دہرائیں۔

سرفراز نے کہا کہ تمام پلیئرز کو مثبت کھیلنے کا کہا تھا، امید تھی کہ ہم جیت جائیں گے لیکن پلیئرز دباؤ برداشت نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل نے اچھی بولنگ کی، وکٹ پر بیٹسمینوں کو ٹائم دینا چاہیے تھا، ہمارے بیٹسمینوں کو بڑی اننگز کھیلنی چاہیے تھی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے کہا کہ ہمیں پتہ تھا جیتنا آسان نہیں ہوگا تاہم ہمارے کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز متحدہ عرب امارات میں جاری ہے اور پہلے میچ میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست ہوئی ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :