دنیا
Time 19 نومبر ، 2018

حوثی باغیوں نے سعودی اتحاد کو مشروط جنگ بندی کی پیشکش کردی

سعودی اتحادی ممالک کیخلاف میزائل اور ڈرون حملے روکنے کیلئے تیار ہیں، حوثی کمانڈر— فوٹو:فائل 

صنعاء: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عسکری اتحاد کو مشروط جنگ بندی کی پیشکش کردی۔

حوثی باغیوں نے مشروط جنگ بندی کی پیشکش سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمنی حکومت کو کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق انقلابی کمیٹی کے کمانڈر محمد علی الحوثی نے باضابطہ بیان جاری کیا۔

حوثی کمانڈر نے بیان میں کہا کہ سعودی اتحادی ممالک کیخلاف میزائل اور ڈرون حملے روکنے کیلئے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی اتحاد یمن میں قیام امن کیلئے سنجیدہ ہے تو ہم بھی جنگ بندی پر تیار ہیں، ہم یمن میں منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کے خواہاں ہیں۔

حوثی کمانڈر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے وفد سے رابطے کے بعد ڈرون اور میزائل حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد مکمل جنگ بندی کیلئے اتحادی افواج کے اقدامات کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ ستمبر 2014 میں حوثی باغیوں نے صنعاء پر حملہ کرکے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر منصور ہادی کی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کی تھی۔

اس کے جواب میں سعودی عرب کی سربراہی میں عرب عسکری اتحاد نے مارچ 2015 میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز کر دیا تھا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2015 سے اب تک یمن میں9 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 50 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :