کھیل
Time 20 نومبر ، 2018

پی ایس ایل 4 ڈرافٹنگ: لاہورقلندرز نے ڈی ویلیئرز اور محمد حفیظ کو چُن لیا


اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کیلئےکھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہوئی جس میں لاہور قلندرز نے سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کو چُن لیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں پاکستان سپر لیگ کی 6 فرنچائزز نے 633 ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے اپنی اپنی ٹیم کیلئے ناموں کا انتخاب کیا۔

ایونٹ میں پشاور زلمی، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور چھٹی ٹیم (سابقہ ملتان سلطانز) شامل ہے جس کے نئے نام کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا۔  

پی ایس ایل 4 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ۔ فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل، یوٹیوب

ڈرافٹنگ میں شامل کھلاڑیوں کو پلاٹینئم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں کئی نامور غیر ملکی کرکٹرز پہلی مرتبہ حصہ لے رہے ہیں جن میں اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ اور نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن شامل ہیں جنہیں پلاٹینئم کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے جس کے بعد ٹیموں کا اسکواڈ پورا ہوگیا ہے۔

لاہور قلندرز

ڈرافٹنگ کے دوران پہلی باری لاہور قلندرز کی تھی، جس نے سب سے پہلے پلاٹینئم کیٹیگری میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کو چُنا۔

لاہور قلندرز نے پلاٹینئم کیٹیگری میں محمد حفیظ اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں کارلوس بریتھ ویٹ اور کورے اینڈرسن کا بھی انتخاب کیا۔

لاہور قلندرز نے گولڈ کیٹیگری میں نیپال کے سندیپ، سلور کیٹیگری میں حارث سہیل، شاہین آفریدی، آغا سلمان، سہیل اختر اور حسن خان کا انتخاب کیا جب کہ ایمرجنگ کیٹیگری میں محمد عمران اور عمیر مسعود کو منتخب کیا گیا۔

سپلیمنٹری کھلاڑیوں میں زمبابوین برینڈن ٹیلر کے علاوہ حارث رؤف، اعزاز چیمہ اور گوہر علی شامل ہیں۔

پشاور زلمی

پشاور زلمی نے پلاٹینئم کیٹیگری میں  کیرن پولارڈ کا انتخاب کیا جب کہ ڈائمنڈ میں مصباح الحق کو منتخب کیا۔

زلمی نے گولڈ کیٹیگری میں عمر امین اور ڈیوڈ میلان کو چنا۔

پشاور زلمی نے سلور کیٹیگری میں صہیب مقصود، وین میڈسین اور جمال انور کو منتخب کیا۔ 

ایمرجنگ کیٹیگری میں سمین گل اور نبی گل کا انتخاب کیا گیا، پشاور کے سپلیمنٹری کھلاڑیوں میں وقار سلام خیل، کرس جورڈن، ابتسام شیخ اور سمیع اللہ شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گولڈ کیٹیگری میں فواد احمد اور سلور کیٹیگری میں محمد اصغر، دانش عزیز اور احسان علی کو منتخب کیا۔

گلیڈئیٹرز نے ایمرجنگ پلئیرز کیٹیگری میں غلام مدثر اور نسیم شاہ کا انتخاب کیا۔

سپلیمنٹری کھلاڑیوں میں ہیری گرنے، احمد شہزاد، اعظم خان اور جلت خان کو چنا گیا ہے۔

کراچی کنگز

کراچی کنگز نے پلاٹینئم کیٹیگری میں بابراعظم کو برقرار رکھا تھا اور کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے کنگز نے گولڈ اور سلور کیٹیگریز سے کھلاڑیوں کو چنا۔

کنگز نے گولڈ کیٹیگری میں سکندر رضا کا انتخاب کیا جب کہ سلور کیٹیگری میں سے اویس ضیاء، لیگ اسپنر اسامہ میر، آل راؤنڈر افتخار احمد، سہیل خان ایرون سمر کا انتخاب کیا۔

کراچی نے ایمرجنگ کیٹیگری میں علی عمران اور ابرار احمد کو منتخب کیا۔

سپلیمنٹری کھلاڑیوں میں عامر یامین، بین ڈنک، لیام لیونگ اسٹون اور جاہد علی شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائٹیڈ 

اسلام آباد یونائٹیڈ نے پلاٹینیم کیٹیگری میں سے این بیل کا انتخاب کیا جب کہ گولڈ کیٹیگری میں سمت پٹیل اور سلور کیٹیگری میں کیمرون ڈیلپورٹ کو چنا۔

  اسلام آباد نے موسیٰ خان اور ناصر نواز کو ایمرجنگ پلئیرز میں منتخب کیا۔

سپلیمنٹری کھلاڑیوں میں وائن پارنل، ظاہر خان، عماد بٹ اور رضوان حسین کا انتخاب کیا گیا۔

چھٹی ٹیم

پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم نے پلاٹینئم کیٹیگری میں سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیون اسمتھ کو چن لیا۔

گولڈ کیٹیگری میں قیس احمد اور نیکولیس پورن اور سلور کیٹیگری میں سے لوری ایونز اور نعمان علی کا انتخاب کیا گیا۔

ایمرجنگ کیٹیگری میں محمد جنید اور محمد الیاس کو چنا گیا ہے۔ 

سپلیمنٹری کھلاڑیوں میں ڈینئیل کرسٹین، ٹام موریز، علی شفیق اور شکیل انصار کو لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :