Time 23 نومبر ، 2018
پاکستان

چینی قونصلیٹ پر حملہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش قرار


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قونصلیٹ پر حملے کی کوشش کرنے والے تینوں حملہ آور مارے گئے اور چینی عملہ محفوظ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز بروقت موقع پر پہنچی اور حملے کو ناکام بناتے ہوئے کامیاب آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کو ٹھکانے لگادیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی پہلی ترجیح ویزہ سیکشن میں موجود لوگوں اور عملے کو محفوظ بنانا تھا جس میں وہ کامیاب رہے اور دہشتگرد عملے کو یرغمال بنانے یا انہیں نقصان پہنچانے میں ناکام رہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حملے کے وقت اکیس چینی قونصلیٹ میں موجود تھے جو تمام محفوظ ہیں اور حملے کے بعد چینی قونصل جنرل سے بات ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ سے رابطہ کریں گے، چینی سفیر سے رابطہ ہوا جو پاکستان کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کو حملے سے متعلق اطلاعات دے دی گئی ہیں تاکہ چینی وزارت خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں لیا جائے۔

کچھ قوتیں ایسی ہیں جو پہلے دن سے سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں: وزیر خارجہ

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے چینی قونصلیٹ پر حملے سے متعلق کہا کہ کچھ قوتیں ایسی ہیں جو پہلے دن سے سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں، بہت سے لوگوں کو سی پیک کھٹکتا ہے، وہ نہیں چاہتے ملک میں امن ہو، یہاں استحکام ہو اور معاشی خوشحالی ہو، اس لیے اس قسم کی مذموم حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان قوتوں کو باور کرتا ہوں چین پاک دوستی لازوال ہے، ہم ان عزائم کو خاک میں ملانے کا ارادہ رکھتے ہیں، ہم میں صلاحیت موجود ہے، یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

ہمارے مخالفین کو چین پاکستان اشتراک ان کی دوستی کھٹکتی ہے: شہباز

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ تشیوشناک بات ہے، چائنا کی دوستی برے وقتوں میں ساتھ کھڑے ہونا اور پاکستان کے ساتھ ہر حال میں کاندھے سے کاندھا ملا کر سپورٹ کرنا ہے، جو واقعہ آج ہوا قوم میں اس سے تشویش کی لہر دوڑی ہے، خدا کا شکر ہےکہ پولیس اور رینجرز کی بروقت اور انتہائی تیز ایکشن کی وجہ سے تمام چینی محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے اندازہ فرمالیں کہ کس طرح ہمارے مخالفین کو چین پاکستان اشتراک ان کی دوستی کھٹکتی ہے، کاش وزیر خزانہ اور کچھ ساتھی سی پیک منصوبوں کو متنازع نہ بناتے، آج خوشی محسوس ہوئی جب وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیےسنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سیاست چمکانے کے لیے کچھ عرصے کے لیے سی پیک کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی جو مکمل طور پر ناکام ہوچکی۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ یقیناً وزیر خارجہ اور حکومت تحقیقات کرائیں گے کہ دہشت گرد کس طرح قونصلیٹ قریب پہنچے، ہمیں اس واقعے کی مذمت کرنی چاہیے اور دنیا کو بتانا چاہیے کہ دشمنان پاکستان دیکھ لیں پاک چین دوستی یا ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھیں گے تو قوم ان کی آنکھوں کو نکال کر روند دے گی۔

مزید خبریں :