Time 24 نومبر ، 2018
پاکستان

چیف جسٹس کا آئندہ ماہ آبادی پر کنٹرول کی مہم شروع کرنے کا اعلان

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب 12 یا 13 دسمبر سے آبادی پر کنٹرول کے حوالے سے مہم شروع کرنے جارہے ہیں—۔فائل فوٹو

مانچسٹر: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نے آئندہ ماہ سے آبادی پر کنٹرول کے لیے '2 بچے ہی اچھے' مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

اس مہم کے آغاز کا اعلان چیف جسٹس نے ڈیم فنڈ کے لیے جیو نیوز کے تحت مانچسٹر میں لائیو ٹیلی تھون سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جسٹس ثاقب نثار نے اس موقع پر کہا کہ 12 یا 13 دسمبر سے وہ مہم شروع کرنے جارہے ہیں، جس کے دوران اس حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے گی کہ آبادی کو کیسے کنٹرول کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میں اس کی شروعات اپنے گھر سے کروں گا اور اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کروں گا'۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 'جن لوگوں کی شادی نہیں ہوئی، وہ سن لیں کہ بچے 2 ہی اچھے'۔

آخر میں چیف جسٹس نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اور پاکستان کی بقا کے لیے قوم ان کے ساتھ اس مہم میں بھرپور تعاون کرے گی۔

واضح رہے کہ حالیہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 سے زائد ہے۔

مزید خبریں :