02 اگست ، 2012
اسلام آباد…سارک ایوان ہائے صنعت و تجارت نے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری کھولنے کے بھارتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اعتماد سازی کی طرف مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ اسلام آبادسے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سارک ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نائب صدر افتخار ملک نے کہا کہ بھارتی فیصلہ، دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے فروغ کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت مشترکہ صنعتیں لگا سکیں گے اور خطے میں غربت میں کمی اور روزگارکے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔ سارک چیمبر کے سابق صدر طارق سعید نے کہا کہ بھارتی فیصلے سے سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل سکیں گے اور دہرے ٹیکسوں سے بچنے میں مدد مل سکے گی۔