Time 24 نومبر ، 2018
پاکستان

بھارتی وزیرخارجہ کی کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت سے معذرت


نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، پنجاب کے وزیر اعلیٰ ارمیندر سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کو 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا مثبت طرزعمل اور خلوص نیت پوری دنیا کے سامنے ہے۔

دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے شاہ محمود قریشی کی جانب سے دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا۔

سشما سوراج نے کرتارپور راہداری کی سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے ہرسیمرات کور بادل اور ایچ ایس پوری شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان کی تجویز پر بھارتی کابینہ نے کرتار پور راہداری کھولنے کی منظوری دی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بھارتی کابینہ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کھولنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ راہداری کھولنے پر پاکستان اور بھارت کا اتفاق ہے تاہم بارڈر کب کھولا جائے گا، اس بات کا فیصلہ دونوں ممالک بات چیت میں طے کریں گے۔


مزید خبریں :