پاکستان
Time 01 دسمبر ، 2018

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی ڈیڈلائن میں پانچویں بار توسیع

بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح 19 اکتوبر 2017 کو اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کیا تھا — فوٹو: سوشل میڈیا/فائل

پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی ڈیڈ لائن ایک بار پھر آگے بڑھادی گئی۔

بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح 19 اکتوبر 2017 کو اس وقت کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کیا تھا اور اس منصوبے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دی تھی۔

مقررہ ڈیڈ لائن پر منصوبہ مکمل نہ ہونے پر مزید 3 ماہ کی توسیع کی گئی جس کے بعد تیسری بار 31 دسمبر 2018 کو بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہونے کی ڈیڈ لائن دی گئی۔

بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی چوتھی مرتبہ مارچ 2019 میں منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈلائن سامنے آئی تھی لیکن اب پانچویں مرتبہ یہ منصوبہ جون 2019 تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پشاور کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے گفتگو میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت جون تک بی آر ٹی کو مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 کلو میٹر طویل منصوبہ پر اب تک ہونے والی پیش رفت اچھی ہے اور یہ کامیاب منصوبہ ہے جس کا کرایہ 15 روپے سے 55 روپے تک ہوگا۔

صدر مملکت کے مطابق پشاور بی آر ٹی منصوبے سے روزانہ 4 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

علاوہ ازیں صدر مملکت مشہور پشاوری کپتان چپل کے دلدادہ بھی ہیں، انہوں نے معروف کاریگر چاچا نورالدین کو اپنے پاؤں کا ناپ دیا، مختلف رنگوں میں دو جوڑے 'کپتان چپل' تیار کرنے کی فرمائش کی۔

مزید خبریں :