03 اگست ، 2012
پیانگ یانگ…شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان سے دارالحکومت پیانگ یانگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے انٹر نیشنل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ وانگ جیا روئی کے سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں کم جانگ ان نے چین کے صدر خوچن تھاؤ کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے انجہانی والد کم جانگ ال کے نقش قدم پر چلتے ہوئے چین کے ساتھ دوستی کو مضبوط تر کرنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔ چینی وفد نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک شمالی کوریا کے ساتھ اعلیٰ سطح کے رابطوں کو بہتر بنانے اور عملی تعاون میں اضافہ کیلئے دونوں ملکوں کی سیاسی جماعتوں کے وفود کے تبادلوں کا خواہاں ہے ۔ دریں اثناء چینی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے نئے رہنما نے ملکی معیشت کی ترقی اور شہریوں کے معیارزندگی کو بہتر بنانے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے ۔=