Time 06 دسمبر ، 2018
کھیل

ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کیلئے مایوس کن دن، نیوزی لینڈ کی پوزیشن مضبوط

ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کی سبقت ختم کردی۔ فوٹو: اے ایف پی

ابوظہبی: پاکستان کیخلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے سنچری بناکر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں کیویز بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنالیے جبکہ اسے پاکستان پر 198 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔

چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو کین ولیمسن 139 اور ہینری نکولس 90 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے شاندار سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکال دیا— فوٹو: پی سی بی

کپتان کین ولیمسن اور نکولس کے درمیان پانچویں وکٹ پر 212 رنز کی شراکت ہوچکی ہے۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، اس موقع پر کپتان کین ولیمسن 14 اور سومرویلے ایک رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

سومرویلے 4، روس ٹیلر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں تو انہوں نے تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑا۔ 

انہوں نے 33 میچز میں 200 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ان سے قبل آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ نے 1936 میں 36 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 

کھیل کا تیسرا روز

کھیل کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 348 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر جیت راول بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ کا شکار بنے جب کہ 24 کے مجموعی اسکور پر ٹام لیتھم 10 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

مزید خبریں :