Time 19 دسمبر ، 2018
پاکستان

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ویڈیو کانفرنس پررابطہ، معاشی پیکج پر بات چیت

آئی ایم ایف کا مشن جنوری کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا اور پاکستان کیلئے اقتصادی پیکج کو حتمی شکل دے گا، ذرائع— فوٹو: فائل

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ویڈیو کانفرنس پر رابطہ ہوا ہے، وزیر خزانہ اسد عمر اور آئی ایم ایف مشن سربراہ ہیرالڈ فنگر کے درمیان قرض پروگرام پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر اور آئی ایم ایف کے وفد کے درمیان ویڈیو کانفرنس پر مذاکرات ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کا مشن جنوری کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہی مشن پاکستان کیلئے اقتصادی پیکج کو حتمی شکل دے گا۔ ویڈیو کانفرنس میں چیف مشن آئی ایم ایف ہیرالڈ فنگر بھی واشنگٹن سے مذاکرات میں شریک تھے۔

ویڈیو کانفرنس پر مذاکرات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہے جس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے حکومت کی طرف سے بجلی، گیس کی قیمتوں پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ نے سرکاری اداروں میں گورننس اور اصلاحات پر بھی بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس وصولیاں بہتر بنانے کے حکومتی اقدامات سے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا اور ترسیلی کمپنیوں کے خسارے اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

ویڈیو کانفرنس میں آئی ایم ایف کے ساتھ نئے معاشی پیکج پر بھی بات چیت ہوئی۔

مزید خبریں :