پاکستان
Time 28 دسمبر ، 2018

شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

شہباز شریف پر کرپشن کے الزامات ہیں اس لیے انہیں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے، درخواست گزار کا مؤقف۔ فوٹو: فائل

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنانے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت اور اسپیکر قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شہباز شریف پر کرپشن کے الزامات ہیں اس لیے وہ یہ عہدہ نہیں سنبھال سکتے۔

درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔

یاد رہے کہ شہباز شریف 21 دسمبر کو بلامقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی منتخب ہوئے تھے اور ان کی زیرصدارت پی اے سی کا پہلا اجلاس آج ہونے جارہا ہے۔

شہباز شریف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کے سلسلے میں نیب لاہور کی حراست میں ہیں، نیب حکام پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے انہیں لاہور سے اسلام آباد لاتے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی جانب سے منسٹر انکلیو میں واقع شہباز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :