Time 28 دسمبر ، 2018
پاکستان

‘ہمیں کوئی جھکا نہیں سکتا، ای سی ایل اور نوٹسز سے نہیں ڈرتے‘


گھوٹکی/ لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی صدر آصف علی زرداری نے جے آئی ٹی رپورٹ میں نام آنے اور ای سی ایل میں نام ڈالے جانے پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نےکہا کہ اردو میں اس لیے بات کرتا ہوں کہ اسلام آباد میں بہرے، گونگے اور اندھے لوگ رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے 18 ویں ترمیم میں قدرتی وسائل میں صوبوں کو حق دیا ہے تو گھوٹکی کا کیا قصور اس کا حق ان کو نہیں ملتا، یہ چھوٹی بات نہیں، اگر یہ بات نکلے گی تو دور تک جائے گی۔

کسی چیز سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں: آصف زرداری

سابق صدر کا کہنا تھاکہ میری گیس فیلڈز یا کوئلے کی کانیں نہیں ہیں، ہم نے ان کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ میں غریبوں کی ملکیت بنادیا کیونکہ پیپلزپارٹی کی فلاسفی ہے کہ پہلا حق غریب اور مقامی لوگوں کا ہے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ آپ کے کہنے سے پاکستان مضبوط نہیں ہوتا، ملک تب مضبوط ہوتا ہے جب عوام خوش ہوں، ہم نے کیا گناہ کیا، ہم نے جو کام کیے وہ آنے والی تاریخ لکھے گی۔

پیپلزپارٹی کے صدر کا کہنا تھاکہ آپ کو اگر اس بات کی تکلیف ہے کہ اتنی دھاندلی سندھ میں نہ کراسکے جتنی کہیں اور کرائی تو کوشش کرکے دیکھ لیں ہم اس کا بھی مقابلہ کریں گے، ہم نے الیکشن جیت کر بھی اپوزیشن میں بیٹھ کر دیکھا ہے، ہم لوگوں کی خدمت کرنے آتے ہیں، اپنی خدمت کرنے نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ کسی چیز سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں، جس قوم میں ایکا ہو اور اس نے اپنے حقوق سمجھ لیے ہوں تو اس قوم کو کوئی بھی جھکا نہیں سکتا، نہ آپ کی قیادت کو اور ورکروں کو کوئی ڈراسکتا ہے اور نہ جھکا سکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی میڈیا سے گفتگو

دوسری جانب لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم ای سی ایل اور نوٹسز سے نہیں ڈرتے، ہم جان دینے والے لوگ ہیں، بھاگنے والے نہیں، بزدل خان بھاگ جائیں گے، کٹھ پتلی حکومت والے بھاگ جائیں گے۔

اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا کریں، کوئی مقدس گائے نہیں: بلاول

انہوں نے کہا کہ این آر او علیم خان، علیمہ خان اور دیگر کے لیے ہے، اپوزیشن والوں کے لیے کوئی این آر او نہیں اور اپوزیشن این آر او چاہتی بھی نہیں ہے، اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا کریں، کوئی مقدس گائے نہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اس وقت وفاق کمزور ہوتا جارہا ہے اور پورے پاکستان میں چاروں طرف لوگ ناراض ہیں، ملک کے حالات خراب ہیں، مہنگائی کے سونامی نے ملک کو ڈبو دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ مراد علی شاہ پر میرا 100 فیصد اعتماد ہے، پیپلزپارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا البتہ لوگوں کے دماغ میں بن رہا ہے۔


مزید خبریں :