05 فروری ، 2012
کراچی…عید میلاالنبی کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جبکہ بارہ ربیع الاول کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے شروع ہوکرنشترپارک پر اختتام پذیر ہوا جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے تعلیمات نبوی ﷺکے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی اور نظام مصطفٰیﷺکے نفاذکا مطالبہ کیا۔کراچی میں جماعت اہلسنت کراچی کے تحت نیو میمن مسجد سے مرکزی جلوس نکالا گیا۔ جلوس کی قیادت امیر جماعت اہل سنت کراچی علامہ شاہ تراب الحق قادری نے کی۔ سبز جھنڈے تھامے اور درود و سلام کا ورد کرتے شرکاء جلوس ایم اے جناح روڈ، نمائش چورنگی سے ہوتے ہوئینشتر پارک پہنچے جہاں پرجلسہ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شاہ تراب الحق نے پوری قوم کو عید میلا النبیﷺ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا اس ملک کے قیام کا مقصد نظام مصطفیٰ کا نفاذ تھا اور اسی میں ہماری بقا ہے،اس سے قبل بولٹن مارکیٹ سے مرکزی جمعیت علماء پاکستان، انجمن نوجوانان اسلام، انجمن طلبہ اسلام اور دعوت اسلامی کے تحت بھی میلاد مصطفیٰ ریلیاں نکالی گئیں جو نشتر پارک پرپہنچ کر اختتام پزیر ہوئیں۔کھارادر سے براستہ ٹاور انجمن غوثیہ، مسلم لیگ شیر بنگال اور مرکزی اہل سنت جماعت کے تحت عید میلاد النبیﷺ کے جلوس نکالے گئے جو آرام باغ مسجد پہنچکر اختتام پذیر ہوئے۔ سنی تحریک کے مرکز اہل سنت سے بھی جشن ولادت رسولﷺ کا جلوس سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں نکالا گیا۔اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوں نے شرکت کی،بعد میں نمائش چورنگی کے قریب جلسے سے خطاب میں سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان سنی تحریک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے انقلاب لائے گی۔جلسے جلوسوں اور ریلیوں کی سیکورٹی کیلئے پولیس، رینجرز، بم ڈسپوزل اسکواڈ، سادہ لباس اہلکار اور مختلف فلاحی اور مذہبی جماعتوں کے رضا کار تعینات کئے گئے تھے۔ جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی گئی،جلوس میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد شریک ہوئے۔جلوس کے شرکا ککیلئے پانی کی سبیلیں اور لنگر اور نیاز کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔