Time 07 جنوری ، 2019
پاکستان

’ای سی ایل سے نام نکلنے کے باوجود کسی کو بھی تفتیش سے استثنیٰ حاصل نہیں‘

عدالت نے معاملہ تحقیقات کے لیے نیب بھجوا دیا ہے: شہزاد اکبر۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹھگز آف پاکستان میں مراد علی شاہ کا اہم کردار ہے اور ان کے خلاف نیب تحقیقات کرے گا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج فلم ٹھگز آف پاکستان میں انٹرویل چل رہا ہے، کردار کی وجہ سے ای سی ایل میں نام ڈالے جاتے ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ کا نام گھناؤنی کرپشن پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بار بار انتقام کی چیخیں ماری جاتی ہیں، یہ کہنا غلط ہےکہ تحریک انصاف کی حکومت نے مقدمات شروع کیے، تمام مقدمات 2015 اور 2016 کے درمیان شروع ہوئے تھے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تمام ٹھگز قوم کےخلاف اکٹھا ہونا چاہتے ہیں، معصوم ٹولے کی خواہش ہے کہ عوام کرپشن کی رقم کے تحفظ کے لیے باہر نکلیں، ہماری خواہش ہے کہ جو کیسز کھلے ہیں وہ منطقی انجام کو پہنچیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر پہلے کی طرح عمل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مراد علی شاہ سے استعفےکا مطالبہ برقرار ہے، شفاف احتساب کے لیے مراد علی شاہ کا استعفیٰ ضروری ہے۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شیخ زاید بن النہیان کے دورے کا پہلا مرحلہ نجی تھا جس میں وہ رحیم یار خان گئے تھے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کے دورے کا دوسرا فیز سرکاری سطح کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای سے صرف معاشی نہیں، اسٹریٹجک تعلقات بھی ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ عدالت نے جے آئی ٹی پر تمام اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے، جے آئی ٹی کی تجویز تھی کہ معاملہ نیب کو بھیج دیں، فیصلہ بھی یہی آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تمام فائنڈنگز ٹائم لائن کے ساتھ نیب کو بھجوا دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل یا جے آئی ٹی سے نام نکالنے کا مطلب یہ نہیں کہ اس سے پوچھ گچھ نہیں ہو گی، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ نیب وزیراعلیٰ سندھ اور بلاول بھٹو سے تفتیش کر سکتی ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں بلاول کا جو کردار ظاہر کیا گیا ہے اس پر تحقیقات ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ اور بلاول بھٹو کو تفتیش سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوا۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق وزارت داخلہ کی کمیٹی فیصلہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صدقے کے بکروں کا بھی جواب دینا پڑے گا، اومنی گروپ کو سبسڈی دینے کا حساب دینا ہو گا، اومنی زرداری نیکسز کا بھی جواب دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ ہم سے عقیدت رکھتے ہیں، وہ سفری اور دیگر اخراجات اٹھاتے ہیں یہ مؤقف نہیں چلے گا، طیاروں میں مفت سفر کرنے والوں کو بھی جواب دینا ہو گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر لڈیاں ڈالنے والے فیصلہ پڑھ لیں، عدالت نے معاملہ تحقیقات کے لیے نیب بھجوا دیا ہے۔

مزید خبریں :