Time 11 جنوری ، 2019
پاکستان

وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی بیرون ملک ایک اور جائیداد سامنے آ گئی


وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی ایک اور جائیداد سامنے آ گئی، امریکا میں موجود یہ جائیداد علیمہ خان نے 2004 میں خریدی مگر جون 2017ء تک پاکستانی ٹیکس حکام کے سامنے ظاہر نہیں کی تھی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان امریکی ریاست نیو جرسی میں 4 منزلہ عمارت میں تین فلیٹوں کی مالک ہیں او ان جائیداد کی موجودہ مالیت 30 لاکھ ڈالر یعنی 45 کروڑ روپے ہے۔

علیمہ خان کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے 893 مالکان کو نوٹس بجھوائے تھے جن میں سے 450 افراد نے جائیدادوں کی ملکیت تسلیم کرلی تھی جب کہ 443 افراد نے اس حوالے سے کوئی جواب جمع نہیں کرایا تھا۔

بعدازاں اس قسم کی اطلاعات سامنے آئیں کہ وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے دبئی میں اپنی جائیدادوں کے حوالے سے ایف بی آر کو ٹیکس جمع کرا دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انہوں نے دبئی میں اپنے پرتعیش فلیٹ 'دی لافٹس ایسٹ۔ 1406' کی 25 فیصد تخمینی مجموعی قیمت اور 25 فیصد جرمانے کی رقم ٹیکسوں کی مد میں جمع کروائی۔

بتایا جارہا ہے کہ علیمہ خان کی پراپرٹی کی مالیت تقریباً 7 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے اور ان کا فلیٹ دبئی کے قلب میں برج خلیفہ سے متصل ہے جو انتہائی مہنگا علاقہ ہے۔

باخبر متعلقہ حکام کے مطابق ٹیکسوں اور جرمانے کی شکل میں علیمہ خان پر دُہرا جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور ایف بی آر اور ایف آئی اے حکام سے معاملات طے کرنے کے لیے علیمہ خانم کی قانونی ٹیم کو چار ہفتے لگے۔

اس پورے عمل سے واقف ایک سینئر افسر نے بتایا تھا کہ علیمہ خانم کو بیرون ملک کاروبار کے حوالے سے متعلقہ حکام کے استفسار کا جواب دینا باقی ہے۔

جبکہ انہوں نے ایف آئی اے کو دیئے گئے اپنے حلفیہ بیان میں بتایا تھا کہ مذکورہ فلیٹ بیرون ملک کاروبار سے حاصل آمدنی سے خریدا گیا۔

مزید خبریں :