18 جنوری ، 2019
اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ پر ایک بار پھر ایوان کی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ 309 ارب کا ٹھیکہ ایک مشیر کو دینا مفادات کا ٹکراؤ ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر رزاق داؤد سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں، مہمند ڈیم کے ٹھیکے کے معاملے پراسپیکر رولنگ دیں، 309 ارب کا ٹھیکہ ایک مشیر کو دینا مفادات کا ٹکراؤ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنگل بڈ پر مہمند ڈیم کا ٹھیکا دیا جانا پیپرا رولز کی صریحاً خلاف ورزی ہے، سنگل بڈ ملنے پر پیپرا رولز کا ترجیحی آپشن دوبارہ بڈنگ کا تقاضہ کرتا ہے، 309ارب روپے کا ٹھیکا آنکھوں پر پٹی باندھ کر دیا جارہا ہے ، ہرپاکستانی کا حق ہے کہ وہ یہ جانیں کہ یہ ٹھیکا کس طرح دیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عوام اور مانگے تانگے کا پیسا آنکھوں پر پٹی باندھ کر خرچ کیا جارہا ہے، عوام کا پیسا کہاں خرچ ہورہا ہے عوام کو جاننے کا حق ہے ، ہم نے منصوبوں میں اربوں روپے بچائے۔
شہبازشریف نے مطالبہ کیا کہ ایوان کی کمیٹی تشکیل دی جائے جو مہمند ڈیم کے مسئلے کا گہرائی کے ساتھ جائزہ لے، کمیٹی ایک ہفتے میں معاملے کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ دے۔
اس موقع پر وزیر بجلی عمر ایوب نے وضاحت کی کہ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اس معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔
واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کی ملکیتی کمپنی 'ڈیسکون' نے مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکا حاصل کیا ہے جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے اس معاملے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔