'مغرب کو پاکستانیوں سے میزبانی سیکھنی چاہیے'

اطالوی فنکار اینڈریا اینجیولوچی کے مطابق پاکستان ایک تاریخی اور خوبصورت ملک ہے جو سب کو یہاں آنے کی پیشکش کرتا ہے۔

’پاکستان ایک تاریخی اور خوبصورت ملک ہے جو سب کو اپنی جانب کھینچتا ہے، میں سب سے زیادہ یہاں کے لوگوں کی میزبانی، رحم دلی اور والہانہ استقبال سے متاثر ہوا، مغرب کو یہ سب چیزیں ضرور سیکھنی چاہئیں‘۔

ان خیالات کا اظہار اطالوی فنکار اینڈریا اینجیولوچی نے کیا، جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرکے یہاں کی ثقافت اور تاریخی مقامات کو اپنی شاندار فنکاری سے نہ صرف اجاگر کیا بلکہ پوری دنیا کے سامنے پاکستان کی مثبت شکل بھی پیش کی۔

اینڈریا اینجیولوچی ایک فنکار ہونے کے ساتھ ماہرِ آثار قدیمہ بھی ہیں جو تاریخی مقامات کے بارے میں جاننے اور معلومات اکٹھی کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

پاکستان کا تاریخی مقام اُچ شریف جہاں متعدد مقبرے ہیں—. فوٹو بشکریہ اینڈریا اینجیولوچی

اینڈریا کے مطابق انہیں شروع سے انسانوں کو سمجھنے میں دلچسپی تھی کہ ہم کون ہیں اور ہمارا تعلق کہاں سے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ماہر آثار قدیمہ بننے کا فیصلہ کیا۔

وہ بطور سیاح اب تک متعدد ممالک کے خوبصورت تاریخی مقامات کا دورہ کر چکے ہیں جن میں پٹاگونیا، کپادوکیہ، پیٹرا، استنبول اور وینس شامل ہیں۔

'پاکستان تاریخ سے بھرپور ہے'

اطالوی فنکار اینڈریا اینجیولوچی کا کہنا ہے کہ پاکستان تاریخ سے بھرا ایک خوبصورت ملک ہے—. فوٹو بشکریہ اینڈریا اینجیولوچی

 اینڈریا اینجیولوچی کہتے ہیں، ’میں نے بڑی دلچسپی اور لگن سے ہمیشہ قدیم زمانے کی تاریخ پڑھی ہے اور مشرق وسطی سمیت ایشیاء مجھے اپنی جانب کھینچتا ہے، بادشاہ سکندر اعظم کی تاریخ ہمیشہ سے میری پسندیدہ رہی ہے'۔

انہوں نے بتایا، 'سکندر اعظم نے متعدد مقامات پر قیام کیا اور آخرکار وہ اُس جگہ پہنچے جسے زمین کا آخری کونا تصور کیا جاتا تھا اور جو اب پاکستان کا حصہ ہے، یہی وجہ تھی کہ میں نے اس سرزمین کو کھوجنے کا فیصلہ کیا'۔

اینڈریا کہتے ہیں کہ پاکستان کا شمار اُن ممالک میں ہوتا ہے جس کی تاریخ بھرپور ہے، یہاں بےحد خوبصورت مناظر، پہاڑ اور آبشاریں ہیں، جو مجھے بہت محظوظ کرتی ہیں۔

لاہور، لاہور ہے!

اینڈریا اینجیولوچی کے مطابق انہیں سب سے زیادہ لاہور پسند آیا کیونکہ وہ تاریخ سے بھرپور ہے—. فوٹو بشکریہ اینڈریا اینجیولوچی

اطالوی فنکار کا کہنا تھا کہ میرے پاس اب بھی بہت سی جگہوں کی فہرست ہے جہاں میں جانا چاہتا ہوں لیکن ان سے قبل میں نے پاکستان جیسے زبردست ملک آنا پسند کیا۔

اینڈریا اینجیولوچی نے بتایا کہ ’میں نے سندھ کے مختلف تاریخی مقامات سمیت شہر کراچی کی بھی سیر کی ہے لیکن سب سے زیادہ لاہور پسند آیا کیونکہ وہ تاریخ سے بھرپور ہے اس کے علاوہ اُچ شریف نے بھی مجھے متاثر کیا جہاں بہت سارے مقبرے ہیں جب کہ مری میری اولین پسند ہے کیونکہ وہاں پہاڑ ہیں اور برفباری ہوتی ہے‘۔

قراقرم ہائی وے سے قریب ایک مقام پر اطالوی فنکار برفباری انجوائے کرتے ہوئے—. فوٹو بشکریہ اینڈریا اینجیولوچی

تمام یورپی ایک بار پاکستان ضرور آئیں!

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک تاریخی اور خوبصورت ملک ہے جو سب کو یہاں آنے کی پیشکش کرتا ہے۔

اینڈریا اینجیولوچی نے اُن تمام پاکستانیوں کو بھی قابل ستائش قرار دیا جو غیر متوقع طور پر ان کے سفر کے دوران بہت پیار و محبت سے پیش آئے۔

اطالوی فنکار کہتے ہیں، ’میں یورپ کے تمام لوگوں کو ضرور کہوں گا کہ وہ پاکستان کا دورہ ضرور کریں کیونکہ مجھے یقین ہے کہ سب ہی اس خوبصورت ملک کو، یہاں کے محبت کرنے والے لوگوں کو اور اپنے وطن پر فخر محسوس کرنے والی قوم  سے ضرور ملنا چاہیں گے‘۔

ٹھٹہ کی مشہور شاہ جہاں مسجد کا اندرونی حصہ—. فوٹو بشکریہ اینڈریا اینجیولوچی

 سیاحت سے پاکستان کا منفی تاثر ختم ہوسکے گا

اینڈریا انجیولوچی نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا جو منفی تاثر ہے، میں کبھی اس سے خوفزدہ نہیں ہوا، میں جانتا ہوں کہ ملک کچھ حوالوں سے مشکل حالات کا شکار ہے لیکن میں یقین رکھتا ہوں کہ جلد ہی تمام مسائل سے نمٹ لیا جائے گا‘۔

ٹھٹہ, سندھ کی تاریخ اور ثقافت کا سب سے اہم شہر ہے —. فوٹو بشکریہ اینڈریا اینجیولوچی

اطالوی فنکار کہتے ہیں کہ ’پاکستان جس موڑ سے گزر رہا ہے، اُس کے لیے مجھے اچھی امید ہے اور میں نے دیکھا ہے کہ یہاں کی حکومت سیاحتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے جو ملک کی ترقی اور استحکام کی ضامن ہے‘۔

اینڈریا کے مطابق سیاحت بہت کچھ کرسکتی ہے کیونکہ جب لوگ پاکستان کا دورہ کریں گے اور یہاں سے مثبت اور خوبصورت یادیں لے کر واپس جائیں گے تو وہ اپنے اچھے تجربات لوگوں سے شیئر کریں گے، جس سے پاکستان کے لیے جو منفی تاثر کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

میں جلد ہی دوبارہ پاکستان آؤں گا

یہاں کے لوگوں کی میزبانی، رحم دلی اور والہانہ استقبال کو سراہتا ہوں—. فوٹو بشکریہ اینڈریا اینجیولوچی

اینڈریا اینجیولوچی 1 ماہ کے قیام کے بعد جلد ہی دوبارہ واپسی کا عزم لیے گزشتہ ہفتے پاکستان سے روانہ ہوگئے۔

تاہم ان کا کہنا تھا، 'میں موسم گرما میں یہاں کے شمالی علاقہ جات کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنا چکا ہوں اور یورپی سیاحوں کو پاکستان کی سیر کروانے کے لیے خاص ایک پروجیکٹ پر کام بھی کر رہا ہوں، اگر سب کچھ اچھا رہا تو میں جلد ہی پاکستان واپس آؤں گا‘۔