Time 22 جنوری ، 2019
پاکستان

ساہیوال واقعہ: 16 اہلکاروں کیخلاف انسداد دہشتگردی کے تحت مقدمہ درج ہوچکا، شیریں


اسلام آباد: وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے 16 اہلکاروں کیخلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہے۔

قومی اسمبلی میں اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے بتایا کہ سانحہ ساہیوال میں ملوث محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) کے 16 اہلکاروں کے انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوچکا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ایف آئی آر میں 10 باوردی اہلکاروں اور 6 سادہ لباس اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ 19 جنوری کی سہہ پہر سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی ایک بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ کارروائی میں تین بچے بھی زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا بعدازاں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ایک کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں واقعے میں مارے جانے والے مقتول خلیل کے ورثاء کی جانب سے لاشیں رکھ کر احتجاج کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں دوسرا مقدمہ درج کیا تھا جس میں 16 اہلکاروں کو نامزد کیا تھا۔ 

ایف آئی آر میں واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو نامزد نہ کرنے پر بھی سوشل میڈیا پر سینیئر صحافیوں اور صارفین نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن اب ایک بار پھر وہی ایف آئی آر قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی وفاقی وزیر نے پیش کی ہے۔

مزید خبریں :