25 جنوری ، 2019
اسلام آباد: سعودی عرب نے معاشی پیکج کے تحت پاکستان کو مزید ایک ارب ڈالر منتقل کردیے۔
گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے 12 ارب کے معاشی پیکج کا اعلان کیا گیا تھا اور پیکج کے تحت 3 ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے جانے تھے۔
سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی پہلی قسط 19نومبر اور دوسری قسط 14 دسمبر کو منتقل کی گئی۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کی تیسری قسط کی صورت میں مزید ایک ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کردیے ہیں جس کے بعد پاکستان کو 3 ارب ڈالر کے پیکج کی فراہمی مکمل ہوچکی ہے۔
مرکزی بینک کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالر منتقل کیے جانے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوچکے ہیں۔
ترجمان اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مرکزی بینک کےزرمبادلہ ذخائر 8 ارب 86 کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں، متحدہ عرب امارات سے مزید 2 ارب ڈالر دو قسطوں میں ملیں گے۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب کو 3 فیصد سالانہ سود ادا کیا جائے گا جب کہ متحدہ عرب امارت کو 3.18 فیصد سالانہ شرح سود ادا کیا جائےگا۔
دوسری جانب وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے آئندہ ہفتے تقریباً 3 ارب ڈالر چین سے پاکستان کو منتقل ہونے کا امکان ہے جب کہ آئندہ ماہ ہی متحدہ عرب امارات سے مزید ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق فروری میں پاکستان کے غیر ملکی ذخائر 20 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات سے بھی پاکستان کو تین ارب ڈالر کے معاہدے کی پہلی قسط ایک ارب ڈالر موصول ہوگئی ہے۔