پاکستان
Time 25 جنوری ، 2019

سعید غنی کا سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کا اعلان


وزیر بلدیات سندھ نے سپریم کورٹ کے عمارتیں گرانے کے حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ان کے لیے رہائشی عمارتوں کو توڑنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی وزارت چھوڑ دیں گے مگر عمارتیں توڑنے کا کام نہیں کریں گے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ روز سندھ حکومت کو حکم دیا تھا کہ کراچی کو ماسٹر پلان کے تحت اصل حالت میں بحال کیا جائے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے گزشتہ روز لیاری میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے کہا کہ ایم پی اے رمضان گھانچی پر فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے، ہماری ہمدردی اُن کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد جو تاثر دیا گیا وہ غلط ہے، فائرنگ کے واقعے میں نامزد ملزم علی سومرو ابھی مفرور ہے، اس معاملے پر قانون کے مطابق ملزمان کو سزا ملے گی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ 19 برس میں پانی کے کنیکشن کی اجازت کسی کو نہیں دی، پانی کے کنکشن پر جھگڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس کا جو اختیار ہے وہ استعمال کرے تاہم ایم پی اے کو اختیار نہیں کہ پانی کے کنکشن دے۔

مزید خبریں :