’سول اسپتال کوئٹہ کے مغوی نیورو سرجن ابراہیم خلیل 5 کروڑ تاوان دیکر گھر پہنچ گئے‘


کوئٹہ: سول اسپتال کوئٹہ کے مغوی نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل 48 روز بعد اپنے گھر پہنچ گئے۔

اہلخانہ اور چیئرمین ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی اور گھر پہنچنے کی تصدیق کی۔

چیئرمین ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے دعویٰ کیا ہےکہ ڈاکٹرابر اہیم خلیل نےبتایا وہ تاوان دےکر آئے ہیں اور ڈاکٹر ابراہیم کے بقول وہ 5 کروڑ روپےکے لگ بھگ تاوان دےکر آئے۔

چیئرمین ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی ڈاکٹر ظاہرمندوخیل نے کہا کہ حکومت کا ڈاکٹر ابراہیم کی بازیابی میں کوئی کردار نہیں، ڈاکٹر ابراہیم کے مطابق انہیں گذشتہ شام کراچی میں چھوڑا گیا اور وہاں سےکوئٹہ پہنچے۔

نیورو سرجن کے بھتیجے محمد عمر نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اغواء کاروں نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو کراچی میں چھوڑا، جہاں سے وہ فلائٹ لے کر بذریعہ جہاز آج کوئٹہ پہنچے۔

بھتیجے محمد عمر کے مطابق ڈاکٹر ابراہیم خلیل تھکے ہوئے اور ذہنی طور پر ڈسٹرب ہیں۔

اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو نامعلوم مسلح افراد نے آج صبح 6 بجے کے قریب زخمی حالت میں چمن کے مال روڈ پر چھوڑا، جہاں سے وہ ایک ٹیکسی کے ذریعے کوئٹہ کے علاقے پروفیسرز کالونی میں واقع اپنے گھر پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ نیورو سرجن ابراہیم خلیل کو 13 دسمبر کو کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن سے اغواء کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر ابراہیم کے نجی اسپتال میں مددگار غلام حسین نے سرجن کے اغوا کے مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست بجلی روڈ تھانے میں جمع کروائی تھی۔

ان کے اغواء کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے )، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کافی عرصے تک احتجاج اور ہڑتال بھی کی۔

مزید خبریں :