پاکستان
Time 07 فروری ، 2019

سانحہ ساہیوال: مقتول خلیل کا بھائی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے پر رضامند

فائل فوٹو: محمد جلیل

لاہور: سانحہ ساہیوال میں قتل کیے جانے والے مقتول خلیل کے بھائی جلیل مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے پر رضا مند ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے بعد جلیل نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے پر رضا مندی ظاہر کی۔

جلیل کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے گارنٹی دیے جانے پر جے آئی ٹی میں پیش ہورہے ہیں، حکومت نے کہا ہےکہ اگر جے آئی ٹی پر اطمینان نہ ہوا تو عدالتی کمیشن بنایا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق گرفتار سی ٹی ڈی اہلکاروں کو پنجاب فرانزک ایجنسی لایا گیا جہاں ان کا فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ کیا گیا، اس ٹیسٹ سے موبائل فون فوٹیجز اور اہلکاروں کا موازانہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی 7 روز میں اپنی رپورٹ مکمل کرلے گی۔

مزید خبریں :