Time 14 فروری ، 2019
پاکستان

کراچی سمیت سندھ بھر میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری، متعدد آپریشنز ملتوی

فائل فوٹو

کراچی سمیت سندھ بھر کے اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آج بھی جاری ہے جس کے باعث متعدد آپریشنز ملتوی کردیے ہیں اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

صوبے بھر کے ینگ ڈاکٹرز تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لیے احتجاج پر ہیں، کراچی میں جناح، سول، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی اور دیگر اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے او پی ڈیز کا بائیکاٹ دوسرے روز بھی جاری ہے۔

سندھ کے دیگر شہر سکھر، بدین، گولارچی، ماتلی، ٹنڈوباگو، تلہار، پڈعیدن، پنو عاقل، روہڑی، نواب شاہ اور ٹنڈو محمد خان میں بھی ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات پورے کرانے کے لیے احتجاج پر ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث اسپتال میں داخل مریضوں اور آنے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، علاج و معالجے کی سہولیات میسر نہ ہونے کے سبب مریض نجی اسپتالوں میں جانے پر مجبور ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا لہٰذا جب تک نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے باعث آج ہونے والے آپریشن بھی ملتوی کردیے گئے ہیں اور وارڈز میں بھی ڈاکٹروں نےکام بند کردیا۔

دوسری جانب  جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری صحت سعید اعوان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں اور آئندہ اجلاس میں سمری منظور کرلی جائے گی۔

مزید خبریں :